انقرہ: ڈراماسیریل ’’دیریلش ارطغرل‘‘ کے مرکزی اداکار انجن التان دوزیاتن المعروف ارطغرل غازی نے ترکی سے پاکستانیوں کے لیے محبت بھرا پیغام بھیجا ہے۔
ترکی کا مقبول ترین ڈراما ’’دیریلش ارطغرل‘‘ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر یکم رمضان المبارک سے پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر اردو میں ڈب کرکے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے نام سے پیش کیاجارہا ہے۔
ڈرامے کی بہترین کہانی، عمدہ اداکاری اور جاندار مکالموں نے پاکستانیوں کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے اور صرف چند ہی دنوں میں ارطغرل کے پاکستان میں لاکھوں مداح بن گئے ہیں۔ تاہم سب سے زیادہ جن اداکاروں کی تعریفیں ہورہی ہیں وہ ڈرامے کے مرکزی اداکار ارطغرل غازی (انجن التان دوزیاتن) اور ان کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ حلیمہ سلطان (اسریٰ بلجک) ہیں۔
پاکستانی تو ان دونوں کی اداکاری کے سحر میں مبتلا ہوگئے ہیں اور دونوں کے سوشل میڈیا اکاؤٹنس پرمسلسل ان سے اپنی محبت کا ظہار کررہے ہیں۔ تاہم ایسا نہیں ہے کہ محبتوں کے اظہار کا یہ سلسلہ یک طرفہ ہے بلکہ ڈرامے کے کئی اداکاروں نے پاکستانیوں کی محبت کا جواب دیتے ہوئے ڈراما پسند کرنے پر شکریہ اداکیا ہے۔
گزشتہ روز ڈرامے کے ہیرو اور پاکستانیوں کے ہر دلعزیز اداکار انجن التان دوزیاتن نے انسٹاگرام پر ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کو یوٹیوب پر 18 دنوں میں 10 کروڑ سے زائد بار دیکھے جانے کی خوشخبری شیئر کی اور پاکستانیوں کے لیے محبت بھرا پیغام دیتے ہوئے کہا’’مجھے پاکستان سے محبت ہے، ہمارا ڈراما دیکھنے کے لیے آپ سب کا شکریہ، امید ہے ایک دن میں آپ سب سے ملنے کے لیےپاکستان آؤں گا۔‘‘
چند روز قبل ڈرامے میں حلیمہ سلطان کا کردار اداکرنے والی اسریٰ بلجک نے بھی ایک پاکستانی مداح کے پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جوش و خروش سے انتظار کررہی ہیں کہ پاکستان آکر اپنے مداحوں سے ملاقات کرسکیں۔
واضح رہے کہ ڈراما ’’دیریلش ارطغرل‘‘ اس عظیم شخصیت کے بارے میں ہے جو سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔ ان کا نام ارطغرل تھا اور انہيں ارطغرل غازی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ ایک خانہ بدوش قبیلہ قائی کے سردار تھے۔
اس ڈرامے کی کہانی ترک مسلمانوں کی تیرہویں صدی میں کی جانے والی فتوحات کے گرد گھومتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی اس ڈرامے کو اردو میں ڈب کرنے کی ہدایت کی تاکہ ہمارے نوجوان اسلامی اقدار، ثقافت اور فتوحات سے روشناس ہوسکیں۔ ’’ارطغرل غازی‘‘ پی ٹی وی سے پہلے دنیا کی 60 مختلف زبانوں میں نشر ہو چکا ہے۔ مجموعی طور پر اس کی 179 قسطیں ہیں اور یہ پہلی مرتبہ 2014 میں ترکی کے سرکاری چینل سے نشر ہوا تھا۔