لاٹری نکلنے پر ہوٹل مالک سمیت کئی دعویدار ہیں ،20سال بعد بھی مقدمات جاری ہیں
نیویارک(پاکستان نیوز)کسی کی ڈیڑھ ارب کی لاٹری نکل آئے تو اس کی تو زندگی گلزار ہو جائے گی۔لیکن1کروڑ ڈالر کی لاٹری جیتنا امریکی ویٹرس کیلئے وبال جان بن گیا۔امریکی ویب سائٹ کے مطابق ٹونڈا ڈکر سن جو اس وقت20کی دہائی کی لڑکی تھی اور طلاق یافتہ تھی20سال قبل ایڈورڈ سیورڈ نامی شخص کے ہوٹل میں ویٹرس کی نوکری کرتی تھی۔ایڈورڈ کی عادت تھی کہ وہ اکثر اپنے ملازمین کو ٹپ میں لاٹری کے ٹکٹ دیا کرتا تھا۔7مارچ1999ءکو اس نے ٹونڈا کو بھی فلوریڈا لاٹری کا ایک ٹکٹ دیا اور اگلے ہفتے اس ٹکٹ پر اس کی1کروڑ ڈالر کی لاٹری نکل آئی۔لاٹری نکلنے کی دیر تھی کہ اس انعامی رقم میں حصے کے کئی دعویدار سامنے آگئے جن میں خود ہوٹل کا مالک ایڈورڈ بھی شامل تھا۔ان سب نے ٹونڈا کے خلاف مقدمات قائم کردیئے۔ابھی یہ مقدمات چل رہے تھے کہ ٹونڈا کے سابق شوہر نے رقم کے لالچ میں اسے اغواءکرلیا۔پولیس نے کئی ہفتے بعد ٹونڈا کو بازیاب کرایا۔آج بھی ان میں سے بعض مقدمات چل رہے ہیں۔ٹونڈا اس وقت عمر کی40کی دہائی میں ہے اور اس لاٹری کی وجہ سے اب تک اس کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔