سری نگر:
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے نتیجے میں دو روز کے دوران شہدا کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں آپریشن کیا، اس دوران گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی معطل کردی گئی۔
قابض افواج نے کارروائی کے دوران 4 بے گناہ نوجوانوں کو حراست میں لیا اور انہیں دہشت گرد قرار دے کر فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران 3 بھارتی فوجی شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
بھارتی فوج نے گزشتہ روز بھی ضلع شوپیاں کے علاقے زین پورہ میں 5 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔ رواں ماہ مقبوضہ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے ایک افسر نے خودکشی کرلی۔ 58 سالہ سب انسپکٹر اشوک کمار پلوامہ کے علاقے خریو میں تعینات تھا۔
جنوری 2007 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 453 ہوگئی ہے۔ ان خودکشی کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں جن میں ذہنی دباؤ اور افسران بالا کا توہین آمیز رویہ بھی شامل ہے۔