اقلیتوں کے تحفظ کیلئے بین المذاہب امن کمیٹی کی فکری نشست

0
148

 

نیویارک (پاکستان نیوز) بین المذاہب امن کمیٹی کے زیر اہتمام ڈاکٹر سخاوت سندرالوی کی صدارت میں فکری نشست کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سخاوت سندرالوی نے کہا کہ پاکستانی حکومت ملک میں مسیحی برادری کے حقوق کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرے ، پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق کی مکمل پاسداری ہونی چاہئے ، ہمارے رسول پاک ﷺ کا ارشاد ہے کہ مظلومین کے ساتھی بن کر رہو،اس موقع پر پاکستان کرسچیئن ایسو سی ایشن یو ایس اے کے چیئرمین ولیم شہزاد نے کہا کہ پاکستان میں اکثر کم عمر لڑکیوں کو اسلام قبول کروا کر مسلمانوں سے شادیوں کے واقعات سامنے آ رہے ہیں جس کی پاکستانی قانون ہرگز اجازت نہیں دیتا ، انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں خود کو باعزت شہری سمجھتے ہیں خدارا ہمیں اقلیت کہنا چھوڑ دیں ، اقلیتوں کے حقوق کی ہر سطح پر پاسداری ہونی چاہئے ۔ صوفی مشتاق احمد کمبوہ نے کہا کہ انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے ، پاکستان میں سنی شعیہ فسادات ، مسیحی بچیوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کے واقعات کی انتہائی مذمت کرتا ہوں ، جب اللہ تعالیٰ نے فرما دیا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے تو مسلمانوں کو اس جملے کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔کرسچین ایسو سی ایشن کے سیکرٹری جنرل جیمز سپریم نے بھی پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ ظالمانہ واقعات کی پرزور مذمت کی ، انھوں نے کہا کہ ہمیں وہ پاکستان چاہئے جس کا درس بانی پاکستان قائد اعظم نے دیا ہے لیکن آج کل اقلیتی کم عمر بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات تیزی سے رونما ہو رہے ہیں جوکہ افسوسناک ہے ، جارج ولیم نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتوں پر مظالم کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ، انھوں نے کہا کہ ہم اپنے مسلمان بہن بھائیوں کا تہہ دل سے احترام کرتے ہیں اور ہم بھی یہی توقع کرتے ہیں کہ ہماری اقلیتی برادری کو بھی پاکستان میں عزت و احترام دیا جائے اور انصاف فراہم کیا جائے ۔تقریب کے اختتام پر علامہ ڈاکٹر سخاوت سندارلوی نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ مظالم ختم کیے جائیں گے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here