دبئی:
آئی سی سی کے نئے چیئرمین کا انتخابی عمل آج فائنل کیا جائے گا۔
آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں نئے چیئرمین کے انتخابی عمل کو بھی حتمی شکل دی جائے گی جب کہ اس حوالے سے گذشتہ ماہ ہی نامزدگی کمیٹی کی میٹنگ میں غور ہوچکا اور وہ اب اپنی سفارشات بورڈ کو پیش کرے گی، منظوری کے بعد نئے چیئرمین کے انتخاب کا عمل شروع کیا جائے گا۔
موجودہ چیئرمین ششانک منوہر پہلے ہی مزید توسیع نہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں، گذشتہ ماہ تک انگلینڈ کے کولن گریویس مضبوط امیدوار تھے مگر پھر بعد میں بھارتی ساروگنگولی اور پاکستانی احسان مانی کا نام بھی بطور امیدوار سامنے آ گیا.
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک مخصوص بورڈ ممبر پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو عالمی گورننگ کونسل کا نیا سربراہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ آئی سی سی بورڈ میں 17 ووٹس ہیں،ان میں سے 12 مستقل ممبران، 3 ایسوسی ایٹس، ایک غیر جانبدار ممبر اندرا نوئی اور ایک سبکدوش ہونے والے چیئرمین ششانک منوہر شامل ہیں۔ اگر کسی مخصوص بااثر بورڈ کے کنٹرول میں 4 سے 5 ووٹ ہیں تو پھر الیکشن کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔
سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اگرالیکشن ہوئے تو کیا گنگولی اس میں حصہ لیں گے، کیا موجودہ صورتحال میں مانی کو بی سی سی آئی کی حمایت حاصل ہوسکتی ہے جبکہ بھارتی بورڈ کے گریویس کے ساتھ اچھے روابط ہیں، ہمیں فی الحال دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کرنا ہوگا۔
ادھر بی سی سی آئی کے خازن ارون دھمل سے جب پوچھا گیا کہ نئے چیئرمین کے حوالے سے کیا کوئی فیصلہ کیا ہے تو انھوں نے کہاکہ جلدی کس بات کی ہے، پہلے انتخاب عمل کا اعلان اوراس میں ٹائم فریم کا تعین ہوگا، ہم تب اس بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے۔