ڈیجیٹل برتھ پراجیکٹ کے تحت 5 لاکھ بچے رجسٹرڈ

0
190

کراچی:

سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن منصوبے  کے تحت سندھ میں اب تک 5لاکھ سے زائد بچوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے اور مزید کی رجسٹریشن جاری ہے۔

ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن پروجیکٹ حکومت سندھ اور یونیسف کا مشترکہ منصوبہ ہے جس کا آغاز 2017میں کیا گیا تھا اس منصوبے کا بنیادی مقصد صوبہ سندھ میں پیدا ہونے والے تمام بچوں کو رجسٹرڈ کرنا مقصود ہے تاکہ بعد ازاں بچے کی ویکسی نیشن اورشناختی کارڈ کے اجرا سمیت تمام ضروری اور قانونی امور میں شفافیت برتی جاسکے اور معاملات زندگی کے حوالے سے پیدا ہونے والے بچے کو کسی بھی مرحلے پر مشکل یا رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسی حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ نے بتایا کہ ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن منصوبے کا آغاز ابتدائی طور پر ضلع ٹھٹھہ سے کیا گیا بعد ازاں بدین، نوشہروفیروز اور پھر کراچی میں پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہورہے ہیں۔

 

سیکریٹری بلدیات نے بتایا کہ منصوبے کے تحت کراچی کے ضلع شرقی میں جنت گل اور لاسی گوٹھ اسپتال، ضلع جنوبی میں سوبھراج اسپتال اورکورنگی میں سندھ گورنمنٹ اسپتال میں باقاعدہ برتھ رجسٹریشن ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے جس کے تحت پیدائش کے فوری بعد ہی بچے اور اس کے والدین کے کوائف متعلقہ یونین کونسل اور نادرا کو بھجوادیے جاتے ہیں جس کی بدولت ایک نہایت ہی اہم قومی فریضہ باآسانی ادا ہوجاتا ہے اس سارے عمل کی سرکاری فیس محض 200روپے ہے جس میں جعلسازی یا ہیرا پھیری کا کوئی امکان موجود نہیں۔

روشن علی شیخ نے مزید بتایا کہ حکومت سندھ اور محکمہ بلدیات آنے والے دنوں میں عوامی سہولت اور فلاح و بہبود کے کئی نئے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جن کی تفصیلات سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here