نئی دہلی(پاکستان نیوز) چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے مشرقی لداخ میں پان گونگ سو جھیل میں 60 مربع کلومیٹر تک کا علاقہ اپنے کنٹرول میں حاصل کر لیا ہے۔مغربی نشریاتی اداے نے انکشاف کیا ہے کہ چینی فوج نے بھارتی فوجیوں کی پیٹرولنگ فنگر آٹھ سے کم کر کے فنگر چار تک بلاک کر دی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی فوج نے اس سلسلے میں بھارتی موقف کو تسلیم نہیں کیا۔بھارتی اخبار انڈین ایکپریس نے فوجی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ پان گونگ سو جھیل میں چینی فوج نے تقریبا 60 مربع کلومیٹر تک کا علاقہ اپنے کنٹرول میں کر رکھا ہے۔ مذاکرات میں چینی حکام نے واضح کیا کہ مکمل گولوان وادی اور پان گونگ سو کے کچھ حصے پر چین اپنا کنٹرول قائم رکھے گا۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ بھارتی حکام منتیں کرتے رہے کہ چینی اور بھارتی فوج اپنی پرانی پوزیشنز پر واپس چلی جائیں، تاہم چینی حکام نے یہ بات ماننے سے صاف انکار کر دیا۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں حکومت کی پالیسیوں اور موقف کو پارلیمان میں رکھیں گے۔دوسری طرف بھارتی فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نرونے نے پہلی باراس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورت حال پوری طرح سے کنٹرول میں ہے اور چین سے بات چیت سے کشیدگی میں کمی آئی ہے۔ نرونے نے کہا میں ہر شخص کو یقین دلانا چاہوں گا کہ چین کے ساتھ سرحد پر صورت حال قابو میں ہے۔