کابل (پاکستان نیوز) افغان حکومت نے آئندہ پیر کوکابل میں اہم اجلاس طلب کیا ہے ،جس میں پاکستان،بھارت، چین، ایران ، روس سمیت 19 ممالک کے نمائندگان کوشرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ بین الافغان مذاکرات کے متعلق تجاویزدے سکیں۔واضح رہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی چیف جنرل فیض حمید کے 9 جون کے دورہ افغانستان اور امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی بدولت کامیابی کی جانب گامزن ہے۔ امریکا، افغانستان اور طالبان کے درمیان معاہدے کے مطابق قیدیوں کی رہائی اور امریکی فوجیوں کی واپسی پر عمل جاری ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ صدارتی انتخابات سے قبل بین الافغان مذاکرات کی حتمی شکل اوراپنے فوجیوں کی واپسی چاہتے ہیں۔یہی وجہ ہے افغان انتخابات ہارنے والے امیدوار عبداللہ عبداللہ کوچئیرمین قومی مصالحتی کونسل بنایا گیا، جس کے تحت وہ اپنی 19 رکنی ٹیم کے ساتھ طالبان سمیت تمام اسٹیک ہولڈر کے ساتھ مذاکرات کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔