واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں موجود پی آئی اے کے لگژری ہوٹل روزویلٹ کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ہوٹل اور ریسٹورینٹس کی چَین میں اضافے کے لیے نیویارک میں واقع پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے عالیشان ہوٹل روزویلٹ کو خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھی سابق وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ روزویلٹ ہوٹل کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کرنے والوں میں امریکی صدر بھی شامل ہیں۔
یہ ہوٹل سابق امریکی صدر تھیوڈر روزویلٹ کے نام پر 1924 میں تعمیر کیا گیا تھا جسے 1971 میں پی آئی اے نے سعودی شہزادے فیصل بن خالد کے ساتھ مل کر لیز پر حاصل کرلیا تھا اور اشتراکی معاہدے کی شق کی رُو سے پی آئی اے اس ہوٹل کو خرید بھی سکتی تھی۔
تاریخی حیثیت کے حامل اس ہوٹل کو 1999 میں پی آئی اے نے 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر میں خرید لیا تھا جس کے لیے ادارے نے ہوٹل مالک پال ملسٹین کے ساتھ طویل قانونی جنگ بھی لڑی تھی اور کامیابی حاصل کی۔ 2007 میں مالی خسارہ پورا کرنے کے لیے پی آئی اے اس لگژری ہوٹل کو فروخت کرنے پر غور شروع کردیا تھا۔