تہران: ایران کے پاسداران انقلاب فورس نے آبنائے ہرمز پر فوجی مشق کے دوران فرضی میزائل بردار امریکی طیارے کو نشانہ بناکر تباہ کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی خلیج اومان اور خلیج فارس کے درمیان آبنائے ہرمز میں فوجی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایران نے فوجی مشق کے لیے فرضی امریکی طیارے بھی استعمال کیے جن میں ناکارہ میزائل بھی وجود تھے۔
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر فوجی مشق کی ویڈیو بھی نشر کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جنوب مشرق کی جانب سے حملے کا سگنل ریڈار سے ایرانی پاسداران انقلاب کو موصول ہوتا ہے جس پر پاسداران انقلاب کے اہلکار کشتیوں اور ہیلی کاپٹر کے زریعے علاقے میں گشت شروع کردیتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک فرضی امریکا طیارہ حدود میں داخل ہوتا ہے اور میزائل داغتا ہے جسے پاسداران انقلاب کے اہلکار فضا میں ہی ناکارہ بنا دیتے ہیں اور طیارے کو تباہ کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اس فوجی مشق کے لیے ہیوی اسلحہ اور جدید جنگی ساز و سامان استعمال کیا گیا تھا۔
امریکی بحریہ کی جاب سے جاری بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب کی فوجی مشق کے دوران ڈمی امریکی طیارے کو تباہ کرنے کے عمل کو غیر ذمہ دارانہ اور غیر محتاط رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ کے لیے اکسا کر سخت ردعمل دینے کے لیے مجبور کر رہا ہے۔