مشکل امتحان؛ سابق کرکٹرز قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے لگے

0
102

لاہور:

مشکل امتحان سے قبل سابق کرکٹرز قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے لگے جب کہ عامر سہیل اور محمد یوسف کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ سے قبل سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں، پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں عامر سہیل نے کہاکہ میں گرین کیپس کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتا ہوں۔

سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ قومی کرکٹرز کے لیے ہیرو بننے کا ایک بڑا موقع ہے،مختلف سیشنز میں مواقع سے فائدہ اٹھانا اور سلپ کیچنگ پر خاص توجہ دینا ہوگی۔

 

محمد یوسف نے کہاکہ پورا ملک قومی ٹیسٹ ٹیم کو سپورٹ کررہا ہے، بابر اعظم، اسد شفیق اور اظہر علی سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں،میں دعا گو ہوں کہ اسکواڈ میں شامل سینئرز اور جونیئرز بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

سابق کپتان معین خان نے کہا کہ ہم سب قومی ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، امید ہے کہ گرین کیپس ٹیسٹ سیریز میں مثبت کھیل کا مظاہرہ کریں گے، جارحانہ انداز ہی پاکستان کرکٹ کی اصل پہچان ہے، زندگی میں کچھ ناممکن نہیں، صرف پختہ ارادے اورجدوجہد کی ضرورت ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم کی شکل میں ایک عالمی معیار کا کھلاڑی موجودہے، نوجوان فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ تجربہ کار محمد عباس حریف ٹیم کے لیے مشکلات کا سبب بنیں گے، عابد علی 2 سنچریاں اسکور کرچکے، اظہر علی، اسد شفیق اور شان مسعود بھی بیٹنگ کے شعبے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا فارم میں ہونا بھی خوش آئند ہے۔

آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ میں تجربہ کار نام موجود ہیں، جس کا یقیناً کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، ہم پْرامید ہیں کہ پاکستان کا یہ دورہ کامیاب رہے گا،ٹیم اچھے کمبی نیشن کے ساتھ انگلش میدانوں میں اترتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here