شائقین حفیظ کو ناقص کارکردگی پر طعنے دینے لگے

0
129

کراچی:

شائقین محمد حفیظ کو کیریبیئن لیگ میں ناقص کارکردگی پر طعنے دینے لگے، انھیں سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کرنا مہنگا پڑگیا۔

محمد حفیظ اس وقت کیریبیئن پریمیئر لیگ کھیلنے کیلیے ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں، جہاں پر انھوں نے چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، ایک میں وہ شرٹ پہنے بغیر بیٹھے ہیں، ساتھ میں انھوں نے لکھاکہ ’خوبصوت سینٹ لوشیا میں غروب آفتاب کا منظر‘۔

ان کی جانب سے ٹویٹر پر اس تصویر کو شیئر کرنے کی دیر تھی، شائقین نے ان کی کلاس لینا شروع کردی، خاص طور پر کارکردگی کو نشانہ بنایا گیا، حفیظ نے سی پی ایل میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی جانب سے 6 میچز میں صرف 114 رنز 19 کی اوسط سے بنائے،اس دوران وہ ایک بھی ففٹی رجسٹرڈ نہیں کرا سکے جبکہ7 کے اکانومی ریٹ سے محض2 وکٹیں لیں۔

 

ایک شائق نے لکھاکہ اگر ویرات کوہلی کی نقالی کا شوق ہے تو ان کی کارکردگی کو کاپی کریں، ایک شائق نے انھیں کیریبیئن جزائر میں سیروتفریح کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں واپسی کا اب امکان بھی نہیں ہے، ایک نے حفیظ سے پوچھا کہ ان کا بیٹ کیوں نہیں چل رہا، ایک خاتون کو تو ان کا حلیہ ایک آنکھ نہ بھایا، ایک شائق نے انھیں فیلڈ میں ’زیرومین‘ قرار دیا۔

ایک فین نے انھیں کپڑے پہننے کا مشورہ دیا۔ ایک نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ ’ بھائی سیفلیز کے علاوہ سی پی ایل میں 2، 4 رنز اسکور کرکے اپنی فیس ہی حلال کرلیں‘۔ ایک شائق کا کہنا تھا کہ آپ بس باہر گھومتے رہیں، ہماری ٹیم اب نمبر ون بن جائے گی۔

یاد رہے کہ حفیظ ورلڈ کپ میں بھی اچھا پرفارم نہیں کرپائے تھے، انھیں نئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے سری لنکا سے سیریز کیلیے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا، البتہ یہ تسلی ضرور دے دی کہ وہ مستقبل کے پلان کا حصہ رہیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here