اسلام آباد:
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں مراد سعید تقریر کے لیے آئے تو اپوزیشن ارکان نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا، اپوزیشن ارکان نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہوگئے۔
مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کی قیادت میں (ن) لیگ کے ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کرتے رہے ،شور شرابے اور ہنگامہ آرائی کے باعث اسپیکر ماحول کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی اور اپوزیشن کو نشستوں پر بیٹھنے کی تلقین کرتے رہے۔
اسپیکر کی بار بار ہدایت کے باوجود اپوزیشن ارکان شدید احتجاج کرتے رہے جس پر ماحول مزید تلخ ہوگیا تو اسپیکر نے اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کردیا۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے خطاب میں کہا کہ آج کے بعد اپوزیشن ارکان کو ایوان میں نہیں بولنے دیں گے، آصف زرداری کاجومال باہرپڑا ہےاس کاجواب کون دے گا، ایان علی اور آصف زرداری کو ایک ہی جگہ سے پیسے آ رہے تھے جب کہ بلاول بھٹو ایک پرچی لہراکرچیئرمین بن گیا، بلاول زرداری تقریر کے لیے آئے تو سوچ رہا تھا کہ یہ ایڈز کے کیسز کے بارے بات کریں گے لیکن اس پر ایک جملہ نہ بولا۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں ان کی کرپشن سامنے آرہی ہے عمران خان نے وعدہ کیا تھا این آر او نہ کریں گے اور احتساب کریں گے۔