استنبول:
بالی ووڈ کے اداکار عامر خان کو ترکی کی خاتون اول ایمینے اردوان سے ملاقات کرنا مہنگا پڑ گیا۔
سماجی مسائل پر فلمیں بنانے والے مسٹر پر فیکشنسٹ عامر خان ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’لعل سنگھ چڈھا ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ کورونا وائرس کے پیش نظر بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ طویل عرصے تاخیر کا شکار رہی تاہم اب فلم کی عکس بندی بھارت کے بجائے ترکی میں مکمل کرنے کو ترجیح دی گئی جوکہ انتہا پسند ہندؤں کو پسند نہ آئی۔
فلم کی شوٹنگ کا آخری حصہ مکمل کرنے کے لئے ترکی جیسے حسین ملک کا انتخاب کیا گیا تاہم اس دوران عامر خان کی ملاقات ترکی کی خاتون اول ایمینے اردوان سے ہوئی جس کی اطلاع خود ترک صدر کی اہلیہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دی۔
ملاقات کی چند تصاویر سامنے آنا تھیں کہ بھارت میں انتہا پسند جماعتوں نے آسمان سر پر اُٹھا لیا۔ یہاں تک کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی نے بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ ایک طرف طیب اردوان کشمیر میں آرٹیکل 370 کے نفاذ پر پاکستان کا ساتھ دیتے ہوئے بھارت پر تنقید کرتے ہیں دوسری جانب ہمارے ہی اداکار اُن کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور تصاویر بنا رہے ہیں۔
بھارتی جنتا پارٹی نے عامر خان نے سے ملاقات کی وضاحت مانگتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عامر خان بتائیں کہ اس ملاقات کے پیچھے کیا مقصد تھا۔
دوسری جانب بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد نے بھی عامر خان کی تُرک خاتون اول سے ملاقات پر تنقید کی اور کہا کہ عامر خان جیسے بالی ووڈ کے کچھ اداکار ایسے بھی ہیں جوکہ بھارت سے نفرت کرنے والوں کا ساتھ دیتے ہیں اور اُن کے لئے دل میں محبت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ عامر خان کی اپنی پروڈکشن میں بننے والی ’ لعل سنگھ چڈھا‘ امریکن ڈرامہ ’فارسٹ گم‘ کی کہانی پر مبنی فلم ہے۔ فلم کی عکس بندی اب تک بھارت کے سو مقامات پر کی جا چکی ہے باقی شوٹنگ ترکی میں مکمل کی جا رہی ہے۔فلم میں عامر خان لعل سنگھ چڈھا کا کر دار ادا کر رہے ہیں جبکہ اُن کے ہمراہ کرینہ کپور مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔