طرابلس:
لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے سربراہ فائز السراج نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
سرکاری ٹی وی پر قوم سے مختصر سے خطاب کرتے ہوئے فائز السراج نے کہا کہ وہ اکتوبر کے اواخر میں اقتدار کسی نئی حکومت کو سونپ دیں گے۔
کرنل معمر قذافی کی حکومت ختم ہونے کے بعد سے لبییا خانہ جنگی کا شکار ہے۔ ملک میں دو حکومتیں ہیں جن میں سے ایک فائز السراج کی حکومت ’جی این اے‘ کو اقوام متحدہ نے تسلیم کر رکھا ہے۔
دوسری حکومت سابق فوجی کمانڈر خلیفہ حفتر کی ’ایل این اے ‘ کی ہے جس نے ملک کے کئی علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ جنرل حفتر کو بین الاقوامی تائید تو نہیں لیکن متحدہ عرب امارات، روس اور مصر کی پشت پناہی حاصل ہے۔
ملک میں خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے مسلح گروہوں میں مذاکرات بھی ہورہے ہیں تاہم تاحال وہ کسی منطقی نتیجے پر نہیں پہنچے۔