نئی دہلی:
بھارت میں مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی کورونا سے زندگی کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا 65 سالہ حکمراں جماعت بی جے پی کے رہنما اور وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی نئی دہلی کے اسپتال میں دم توڑ گئے۔ مرکزی وزیر میں دو ہفتے قبل کورونا کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔
سریش انگاڈی کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر رام ناتھ کووند نے گہرے غم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی پارٹی اور ملک کے لیے خدمات کو سراہا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر ریلوے پیوش گوئل، راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ جیو ترادتیہ سندھیا اور راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی پارلیمنٹ میں مون سون سیشن کا آغاز 11 ستمبر کو ہوا تھا جس کے لیے تمام ارکان اسمبلی اور اسٹاف کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور 30 ارکان میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سریش انگاڈی بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ بھارت میں کووڈ-19 کے مریضوں کی تعداد 56 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور تاحال اس موزی وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 90 ہزار ہے جس کے باعث بھارت دنیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔