موٹروے کیس؛حلیمہ سلطان متاثرہ خاتون سے متعلق سی سی پی او کے بیان پربرہم

0
100

انقرہ:

معروف ترک ٹی وی سیرئیل ’’ارطغرل غازی‘‘ کے کردارحلیمہ سلطان  سے مشہور ہونے والی ترک اداکارہ اسریٰ بلگیچ نے لاہور موٹروے پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون سے متعلق  سی سی پی او لاہور عمر شیخ  کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

رواں ماہ لاہور کے علاقے گجرپورہ میں موٹروے پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے اجتماعی زیاددتی کے افسوسناک واقعے پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ملزمان کے بجائے متاثرہ خاتون کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا تھا ’’حیران ہوں کہ تین بچوں کی ماں ایک اکیلی عورت کو آدھی رات کو موٹروے سے جانے کی کیا ضرورت تھی وہ جی ٹی روڈ سے کیوں نہ گئیں؟‘‘

سی سی پی او لاہور کے اس بیان پر ملک میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا تھا اور ملک کی نامور شخصیات نے عمر شیخ کو خاتون سے متعلق یہ بیان دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اب ترک اداکارہ اسریٰ بلگیچ نے بھی سی سی پی او لاہور کے اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت چاہے اکیلی ہو یا بچوں کے ساتھ وہ اکیلی ڈرائیو کرسکتی ہے آپ کو صرف ایک چیز کرنے کی ضرورت ہے خواتین کو تحفظ فراہم کریں۔

اسریٰ نے مزید لکھا کہ بطور پولیس آفیسر آپ اس بات سے مطمئن ہیں کہ آپ کی سڑکوں پر مجرم کھلے عام گھوم رہے ہیں اور آپ کو لگتا ہے اگر کوئی خاتون کہیں جانے کے لیے اس سڑک کا انتخاب کرتی ہے تو یہ ان ملزمان کا حق ہے کہ وہ خاتون کے ساتھ زیادتی کریں اور انہیں قتل کردیں؟

اسریٰ بلگیچ نے سی سی پی او لاہور پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  آپ اس معاملے میں چونکادینے والی لاعلمی کامظاہرہ کررہے ہیں۔ آپ کو اپنے خیالات تبدیل کرنے چاہئیں لیکن یہ ناممکن لگتا ہے آپ اور آپ جیسے لوگ شرمندگی کا باعث ہیں۔

اسریٰ بلگیچ سے قبل کئی پاکستانی فنکار بھی سی سی پی او لاہور کے اس بیان کی سخت مذمت کرچکے ہیں۔ ماہرہ خان نے عمر شیخ کے بیان کہ خواتین کو رات میں اکیلے نہیں نکلنا چاہیئے پر کہا تھا پھر آپ بتادیں خواتین کا گھر سے باہر نکلنے کا صحیح وقت کیا ہے کیونکہ نہ توخواتین گھر میں محفوظ ہیں، نہ صبح سویرے کہیں جاتے ہوئے اور نہ ہی گاڑی میں بیٹھے ہوئے اپنے بچوں کے ساتھ محفوظ ہیں۔

واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور موٹروے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون سے متعلق بیان دینے پر معافی مانگ چکے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here