کراچی:
ایس ایس جی سی سے مطلوبہ کوٹہ ملنے کے باجود کے الیکٹرک کی جانب سے گیس کی کمی کو وجہ بتا کر شہر میں 2 سے 12 گھنٹے کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس جی سے مطلوبہ کوٹا ملنے کے باوجود شہر میں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ کے الیکٹرک نے گیس کی کمی کو وجہ بتاتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں 2 سے 6 گھنٹے تک بجلی کی بندش جاری ہی ہے۔ لوڈ شیڈنگ سے کورنگی، اورنگی، گڈاپ، سُرجانی، ملیر، لانڈھی، لیاقت آباد، نیو کراچی، بلدیہ، کیماڑی کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
علاوہ ازیں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا، لیاری، صدر، اولڈ سٹی ایریا، میں 6 سے 9 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ پی ای سی ایچ ایس، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، اسکیم 33 میں 2 سے 6 گھنٹے دورانیے کی لوڈ شیڈںگ ہورہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گیس پریشر میں کمی کے باعث کے الیکٹرک کی تقریباً 250 سے 300 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہے۔ پیداواری صلاحیت کو مستحکم کرنے کے لئے مطلوبہ گیس پریشر کی دستیابی ضروری ہے
ان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے چار میں سے تین پلانٹس گیس پریشر کم ہونے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہماری مینیجمینٹ، ایس ایس جی سی کے نمائندوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ سے 800میگا واٹ تک سپلائی بڑھانے کی درخواست بھی کردی ہے۔