اسلام آباد:
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث قومی اسمبلی اور سینیٹ کی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ نے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دفاتر کو تین دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ کے شعبہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ،پبلک اکاؤنٹس اور خصوصی کمیٹیوں کے 9 نومبر تک ہونے والے اجلاس منسوخ کردیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں دفاتر کو 6 نومبر 2020 تک بند رکھا جائے گا۔
سیکریٹریٹ نے سی ڈی اے کو جراثیم کش ادویات سے تمام دفاتر کو ڈس انفیکٹ کرنے اورعملے کو کورونا وائرس کی علامات کی صورت میں فوری ٹیسٹ کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
دوسری جانب سینٹ سیکریٹریٹ کے شعبہ انتظامیہ نے بھی دفاتر کو 6 نومبر 2020 تک بند رکھنے اور دفتری اوقات دفاتر کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 10 سے دوپہر 3 بجے تک کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے اوقات کار 10 سے 1 بجے تک ہوں گے۔