اسلام آباد:
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چینی سفیر نون رونگ اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے مابین ہونے والی ملاقات کے دوران دوران باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق مشیر خزانہ نے چینی سفیر کو سی پیک کے تحت اقتصادی تعاون میں اضافہ پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والی معیشت اور حالیہ دور میں معاشی استحکام کے اقدامات پر بریفنگ دی۔
مشیر خزانہ نے کورونا بیماری کے اثرات اور حکومت کے اس بحران پر قابو پانے کیلئے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اورمشیر خزانہ نے ہر سطح پر چین کی مستقل اور اٹل حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین نے آزمائش کے وقت میں ہمیشہ پاکستان کی بڑھ چڑھ کی مدد کی۔
چینی سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان دوطرفہ تعلقات پائیدار دوستی اور بھائی چارے کا مظہر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی حکومتوں اور عوام کے مابین مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے پائے دار اور مستحکم تعاون جاری رہے گا اورسی پیک دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہوگی۔