استور:
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان جیسے آئے تھے ویسے ہی جائیں گے۔
استور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان شیروں کی سرزمین ہے، بزدل لوٹے جھکتے بھی ہیں اور بکتے بھی ہیں، بزدلوں کو خریدا جاسکتا ہے لیکن گلگت بلتستان کے لوگوں کو نہیں، انہیں گلگت بلتستان کے عوام نے بے پناہ عزت دی، لاہور واپس جانے کو دل نہیں کررہا، چاہتی ہوں کہ استور کی خواتین کو کالجز یونیورسٹیاں اور مفت لیپ ٹاپس ملیں، گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو فور جی انٹرنیٹ ملنا چاہیے، نوازشریف نے 3سال آئینی اصلاحات کا کام کیا ، گلگت بلتستان کا صوبہ بنا کر دیں گے۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ مجھے حق کی آواز اٹھانے، غلط کو غلط کہنے اور نواز شریف کے ساتھ ڈٹے رہنے پر گرفتار کیا گیا، پاکستان کےعوام کے علاوہ کوئی اور سلیکٹر نہیں، کیا عوام ایسے لوگوں کو ووٹ دیں گے جو نہ خواتین کا احترام کرتے ہیں اور نہ انسان کا، ایسی حکومت سے پناہ مانگنی چاہیے،
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بدامنی ختم کی، حکومتیں عزت اور خدمت کے لئے کی جاتی ہیں، گیدڑ وعدے کرتا ہے اور شیر وعدے پورے کرتا ہے، عمران خان جیسے آئے تھے ویسے ہی جائیں گے۔ وہ کہتے تھے کہ 90 دن میں سب بدل دوں گا اور اب کہتے ہیں میرے پاس الہ ٰ دین کا چراغ نہیں۔ پورا پاکستان اس حکومت کو بددعائیں دے رہا ہے، پورے پاکستان کے عوام رورہے ہیں۔ ایسی حکومت سے پناہ مانگنی چاہیے گلگت بلتستان کے عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ جاتی حکومت کے ہاتھ میں نہیں دیں گے۔
(ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 2018 الگ وقت تھا، اس وقت دھاندلی کرلی گئی، گلگت بلتستان میں دھاندلی کی گنجائش نہیں، اب تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گی، تمہیں گھر تک چھوڑ کر آؤں گی۔ دھاندلی کی کوشش کی تو گلگت بلتستان کے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔