اسلام آباد(پاکستان نیوز) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستانی معیشت کا منظر نامہ مثبت قرار دیتے ہوئے ریٹنگ ایک درجہ بہترکردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موڈیز نے پاکستان کے مقامی اور غیرملکی کرنسی قرضوں کے لیے ایشور اور سینئر ان سکیورڈ ریٹنگ Caa3 سے بڑھا کر Caa2 کردی ہے، موڈیز کی جانب سے پاکستان کا آٹ لک بھی سٹیبل سے بڑھا کر پوزیٹیو کردیا گیا ہے، اس ضمن میں موڈیز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی لیکوڈٹی صورتِ حال میں معمولی بہتری ریٹنگ بہتر ہونے کا سبب ہے، پاکستان کے ڈیفالٹ رسک میں کمی بھی ریٹنگ بہتر ہونے کا باعث بنی، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی طرف سے بھی چند روز میں 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کہتے ہیں کہ عالمی مالیاتی ادارے سے 7 ارب ڈالرز کے بیل آٹ پروگرام کی منظوری کے لیے درکار اضافی بیرونی امداد میں 2 ارب ڈالرز حاصل کرنے کے مراحل میں ہیں، اگلے مالی سال تک مشرقی وسطی کے کمرشل بینکوں سے 4 ارب ڈالرز اکٹھے کرنے کے لیے پر امید ہیں، اگلے تین سال تک اسی طرح کی یقین دہانیاں کرائی جائیں گی جس سے حکومت کو اپنے مالی معاملات کو ترتیب دینے میں مزید وقت ملے گا، آنے والے سالوں کے لیے پاکستان کی مجموعی مالیاتی ضروریات مئی میں آئی ایم ایف کی جانب سے پیش کردہ مجموعی ڈومیسٹک پیداوار کے 5 اعشاریہ 5 فیصد سے کم ہوں گی۔