کراچی:
ٹی وی اداکار محمد احمد کا کہنا ہے کہ میں نے باپ کا کردار بہت ادا کرلیا اب مزاحیہ کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔
بی بی سی اُردو ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہر سیریل اور ہر اشتہار میں وہی داڑھی وہی گنجا سر، کوئی تبدیلی تو نہیں لا سکا لیکن اب میں کچھ مختلف کردار کرنا چاہتا ہوں جسے دیکھ کر لوگ ہنسیں اور خوش ہوں، میرے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ مجھے اس طرح کے کردار کے لیے ایک دو پیشکش بھی ہوئی ہیں۔
محمد احمد کا اپنے کردار سے متعلق کہنا تھا کہ جب کسی ڈرامے میں ہیروئین کو بہت زیادہ مظلوم دکھانا ہوتا ہے تو سب سے پہلے اُس کے باپ کو ضرور مارا جاتا ہے، ماضی کی جتنی بھی فلمیں دیکھیں جن میں ہیرو یا ہیروئین مر جاتے ہیں تو اکثر ایسے ڈرامیں اور فلمیں ہمیشہ یاد رہتی ہیں کیوں کہ دُکھی اختتام زیادہ یاد رہ جاتا ہے۔