واشنگٹن(پاکستان نیوز) محکمہ امیگریشن یونائٹڈ سٹیٹس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن( USCIS) نے سٹیزن شپ کے لئے سوک(Civic)ٹیسٹ میں نمایاں تبدیلی کردی ہے۔ سوالوں کی تعداد زیادہ کردی گئی ہے اور درست جواب بھی زیادہ دینا ہونگے۔ امیگریشن حکام کے مطابق یکم دسمبر سے شہریت کے خواہشمندوں یا درخواست گزاروں کو 20 میں سے 12 جواب درست دینا ہونگے۔ اب تک سوک ٹیسٹ کے لیے 10 سوالوں سے 6 کے جواب درست دیبا ہوتے ہیں۔ USCISنے نئے سوک ٹیسٹ کے لئے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ 128پر مشتمل ازسر نو ترتیب دئے گئے کتابچہ کی مددسے ٹیسٹ کی تیاری کریں۔ اس سے پہلے 100 سوالوں پر مشتمل کتابچہ کی مدد سے سٹیزن شپ کی تیاری کی جاتی تھی۔ سوالات امریکی آئین سے لیکر حکومتی ڈھانچے اور اسکے افعال تک اور اس ملک کے بانیان سے لیکر ان جنگوں کے حوالے سے ھوتے ہیں جن میں امریکہ ملوث رہا ہو۔ اگرچہ سٹیزن شپ ٹیسٹ تمام درخواست گزاروں کے لئےیکساں ھوتے ہیں تاہم ایسے تارکین وطن جو 20 سال سے زیادہ عرصہ سے گرین کارڈ ھولڈرز ہیں اور انکی عمر 65 سال سے اوپر ہے ان کو محض 20 سوالوں کی تیاری کرنا ہوگی اور سٹیزن شپ ٹیسٹ کے دوران ان سے صرف دس سوال پوچھے جائیں گے جن میں سے 6 کے درست جواب دینا ھونگے۔ سٹیزن شپ ٹیسٹ میں فیل ھونے والوں کو ایک اور موقع دیا جاتا ہے کہ وہ دوبارہ اپائمنٹ اور اسی فیس کے ساتھ ٹیسٹ دیں سکیں گے۔ دوسری بار بھی فیل ھونے کی صورت میں نئے سرے سے درخواست دینا پڑتی ہے۔