اسلام آباد:
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے نعرے مارنے والے کورونا ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی، معاشی اور پارلیمانی امور سمیت قانونی و آئینی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق تازہ اعدادوشمار حوصلہ افزاء ہیں، کورونا سے زندگیاں بچانا پہلی اور معیشت کو اوپر اٹھانا دوسری ترجیح ہے، مکمل لاک ڈاؤن کے نعرے مارنے والے کورونا ایس او پیز کو بلڈوز کر رہے ہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں 2016 کی نسبت غیر معمولی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، حکومت کی معاشی پالیسیاں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں، سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی نے بھی اعتماد کا اظہار کیا ہے، معاشی بہتری اور کورونا سے بچاو کیلئے حکومتی کوششوں کو ریورس نہیں ہونے دیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے ڈاکٹر شاہد کاردار نے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزیر حماد اظہر مشیرِ خزانہ حفیظ شیخ اور معاونِ خصوصی وقار مسعود بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں منی لانڈرنگ کی روک تھام، لوٹی ہوئی رقم کے واپسی کیلئے اقدامات اور مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب ممالک سے پیسوں کی غیرقانونی منتقلی پسماندگی اور غربت کی بنیادی وجہ ہے، لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔