واشنگٹن:
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ فوری طور پر اپنا عہدہ نہیں چھوڑتے تو اُن کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر مواخذے کی کارروائی کی جائے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ہاؤس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کانگریس کی عمارت پر حملے کے بعد مجھ سمیت کئی ارکان نے نائب صدر مائیک پینس سے صدر ٹرمپ کو ایک قرارداد میں عہدے سے برطرف کرنے کا آئینی اختیار استعمال کرنے کی استدعا کریں گے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے مزید کہا کہ اگر نائب صدر 25 ویں ترمیم سے حاصل ہونے والا آئینی اختیار 24 گھنٹوں میں استعمال نہیں کرتے تو پھر ایوان صدر ٹرمپ کا تیز رو مواخذہ کرنے میں حق بجانب ہوگا۔ صدر ٹرمپ امن عامہ کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا اور پُرتشدد حملے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ارکان نے کمروں اور ڈیسک کے نیچے چھپ کر جانیں بچائی تھیں۔