ٹام سوازی سمیت تین امریکی اراکین کانگریس پاکستان کا دورہ کرینگے

0
15

نیویارک (پاکستان نیوز)ا مریکی کانگریس مین پاک امریکہ تعلقات کیلئے قائم ”پاکستان کاکس” کے دونوں شریک چیئرپرسن ری پبلیکن کانگریس مین اور ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ جیک برگ مین اور ڈیموکریٹ رکن کانگریس ٹام سوازی اسی ہفتے کے آخر میں پاکستان کادورہ کرینگے اور وزیراعظم شہباز شریف، فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر اور دیگر عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ری پبلکن کانگریس مین جو امریکی فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ہیں اپنی مصروفیات کی وجہ سے اپنا دورہ مختصر کرکے ایک ر وز قبل واپس امریکا روانہ ہوجائیں گے جبکہ ڈیموکریٹ کانگریس مین ٹام سوازی اپنا دورہ مکمل کریں گے۔امریکا میں پی ٹی آئی کے حامیوں کی بھی اس دورہ پر نظر لگی ہوئی ہے اور توقع کی جارہی ہیکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ بھی گفتگو کا حصہ ہوگا تاہم کانگریس مین ٹام سوازی خصوصی گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی کے معاملہ کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دے چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے حامی ایک پاکستانی اینکر کے اصرار کے باوجود اس معاملہ کو پاکستانی داخلی معاملہ قرار دے چکے ہیں۔ گو کہ ان کانگریس مینوں کا دورہ پاکستان سرکاری ہوگا لیکن اس دورہ کو تحریک دینے اور بامقصد بنانے میں متعدد ایسے پاکستانی امریکن افراد اور تنظیموں کا اہم رول ہے جو پاکستان کی داخلی سیاست کی گروہ بندیوں سے بالاتر ہو کرصرف ارض پاکستان کی بہتری اور پاک امریکا تعلقات پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔ موثر تنظیم A.A.P.A.Cکے بانی ڈاکٹراعجازاحمد، پاک پیک (PAKPAC) کے سابق صدر ڈاکٹر کامران رائو، ریاست مشی گن کے نامور نیوروسرجن ڈاکٹر غوث ملک اور ٹیکساس کے کاروباری طاہر جاوید اس دورہ کے متحرک حامیوںمیں نہ صرف شامل ہیں بلکہ کانگریس مینوں کے اس دورہ کے دوران پاکستان میں موجود بھی ہوںگے۔ پاکستان اور امریکاکے وزرائے خارجہ اسحاق ڈار اور مارکو روبیو کے درمیان پہلے ٹیلی فونک رابطہ کے بعد ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ اور سابق امریکی فوجی جیک برگ مین کا دورہ ری پبلکن ٹرمپ حکومت کا رابطہ مزید اہم ہوگیا ہے جس میں افغانستان میں چھوڑے ہوئے امریکی اسلحہ سے پاکستان کو لاحق خطرات کے بارے میں گفتگو کے علاوہ بعض دیگر اہم معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here