کینیڈا: مستقل رہائشیوں کیلئے فوج میں ملازمتیں

0
87

اوٹاوہ (پاکستان نیوز) کینیڈا میں مستقل رہائشیوں کے لیے فوج میں ملازمتوں کے دروازے کھل گئے۔ کینیڈا کی وزارت دفاع نے ملک کے شہریوں کے علاوہ اب مستقل رہائش رکھنے والے افراد کے لیے بھی اپنی فوج میں ملازمتوں کے دروازے کھول دیے ہیں۔منگل کی رات ٹویٹر پر کینیڈین فوج کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ اگر آپ مستقل رہائشی ہیں تو ہم آپ کے ساتھ کام کرکے آپ کے لیے صحیح کریئر کا انتخاب کرکے آپ کی رہنمائی کرنا چاہیں گے تاکہ آپ بھی ملک کی خدمت کر سکیں۔اسی حوالے سے جاری ایک علیحدہ بیان میں کینیڈا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں رہنے والے مستقل رہائشی افراد کینیڈا کا ایک اہم اور بہترین حصہ ہیں اسی لیے وزیر دفاع انیتا آنند نے اعلان کی ہے کہ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی اب کینیڈین فوج میں بھرتی ہوسکتے ہیں۔کینیڈا کی وزارت دفاع کا مزید کہنا تھا کہ کسی اور ملک کے شہری جن کے پاس امیگریشن اینڈ رفیوجی پروٹیکشن ایکشن ایکٹ کے تحت کینیڈا میں مستقل رہائش موجود ہیں وہ افواج میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔خیال رہے ابھی بھی کینیڈا میں دیگر ممالک کے افراد کو افواج میں ملازمتیں دی جاتی ہیں لیکن اس کا دائرہ صرف تربیت یافتہ پائلٹوں، لوجسٹک افسروںاور دیگر باصلاحیت پیشہ ور افراد تک محدود تھا۔وزارت دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ کینیڈین افواج مستقل رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ فوجی کیریئر پر سنجیدگی سے غور کریں۔اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کینیڈا اپنی افواج میں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو ملک کی شہریت دلوانے میں بھی ان کی مدد کرتا ہے اور ایسے افراد جو فوجی کیریئر کا انتخاب کرتے ہیں انہیں کینیڈا کی شہریت دینے میں فوقیت دی جاتی ہے۔اس حوالے سے کینیڈا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل وین ایئرے کا کہنا ہے کہ مستقبل کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنے کرنے کے لیے کینیڈا کی افواج کو نئے افراد بھرتی، ان کو تربیت دینے اور باصلاحیت افراد کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here