کراچی:
پروٹیزسے پہلے ٹیسٹ کیلیے پاکستانی اسکواڈ کراچی میں یکجا ہوگیا۔
جنوبی افریقہ سے پہلے ٹیسٹ میں مقابلے کے لیے پاکستانی اسکواڈ لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ کراچی پہنچا، کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف ارکان و اہلخانہ، امپائرز، ڈاکٹر اور دیگر ضروری عملہ سمیت 50 افراد نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جمع ہونے کے بعد سہ پہر کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شہر قائد کیلیے اڑان بھری، ان میں دیگر شہروں سے پیر کو لاہور پہنچنے والے کرکٹرز بھی شامل تھے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے 2کوچز، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بھی پہنچے،گرانٹ بریڈ برن پہلے ہی کراچی میں موجود ہیں، کراچی میں موجود کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف ارکان اہل خانہ کے ہمراہ ہوٹل پہنچے، یہ تمام افراد اپنے شہروں میں 2کورونا ٹیسٹ کلیئر کرانے کے بعد اسکواڈ کا حصہ بنے تھے، راستے میں بھی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے کسی نے ماسک اتارنے کی غلطی نہیں کی۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کیلیے سفر کے دوران پاکستانی کرکٹرز کے وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، کراچی آمد کے بعد دوبارہ سیمپلز حاصل کرلیے گئے، بدھ کو کھلاڑی آرام کریں گے۔
رپورٹس منفی آنے پر جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم پر پریکٹس کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، منتخب 20پلیئرزمیں سے 4کو ڈراپ ہونا پڑے گا، کئی نئے چہرے شامل کیے جانے کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو بہتر کمبی نیشن بنانے کیلییاہم فیصلے کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔