اسلام آباد:
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کا مقصد صرف ٹیکس لگانا نہیں بلکہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کو سہولیات دینا ہے۔
صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے نمائندگان کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، وفد میں آئی ٹی، دواسازی، ٹیکسٹائل ، پلاسٹک، گارمنٹس اور دیگر صنعتوں کی نمائندگان شامل تھے جب کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، مشیرتجارت عبدالرزاق داود، چیئرمین ایف بی ار شبر زیدی اور اعلی حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق صنعتکاروں کے وفد نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھ کہ حکومتی نظام خصوصا ٹیکس کی وصولیوں کے نظام پر کاروباری طبقے کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے ایف بی آر میں اصلاحات کر رہے ہیں، مقصد ان پالیسیوں سے کاروبار میں حائل رکاوٹوں اور مشکلات کو دور کیا جا سکے، کاروباری برادری حکومت کی جانب سے اثاثہ جات کے متعلق اعلان کردہ اسکیم کا بھرپور فائدہ اٹھائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے کاروباری برادری کو ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا، حکومت کاروباری طبقے کی سہولت کاری کا کردار ادا کرے گی، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے اور حکومت کا مقصد صرف ٹیکس لگانا نہیں بلکہ ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کو سہولیات دینا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقے کا اعتماد حاصل کرنا ہمارے لیے اہم ہے اسی لیے میں آپ سے ملتا رہتا ہوں، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے سے ہی سرمایہ کار راغب ہوگا اور معیشت مضبوط ہوگی، حکومت چاہتی ہے کہ پاکستانی برامدات دنیا بھر میں دوسرے ممالک میں بننے والی مصنوعات سے معیار اور قیمت میں مقابلہ کرسکیں، آئی ٹی کا شعبہ گڈگورننس اور عوام کی فلاح وبہبود میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔