لاہور:
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ استعفوں کا معاملہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اجلاس میں واضح ہوجائے گا اور جو استعفوں پر نہیں مانتے انہیں منانے کی کوشش کریں گے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ کل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس ہے اور اس سلسلے میں مشاورتی اجلاس تھا جس کی صدارت لندن سے نواز شریف نے کی اور لاہور سے حمزہ شہباز اور دیگر رہنماوٴں نے زوم پر شرکت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم اپنے دور حکومت سے سنتے آئے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) اداروں پر حملہ آور ہوگئی اور اداروں پر تنقید کرتی ہے، ان کو اداروں کا تحفظ کرنا چاہیے لیکن آج تک مسلم لیگ (ن) کے خلاف بات الزامات سے آگے نہیں بڑھی جب کہ آج پوری قوم کو سمجھ آگئی ہوگی کہ اداروں پر تنقید کیا ہوتی ہے اور اداروں پر حملہ آور ہونا کیا ہوتا ہے، اگر ڈسکہ یا نوشہرہ یا وزیرآباد، سندھ، بلوچستان یا کے پی کے دیگر شہروں میں آپ کو ووٹ نہیں ملا تو اس میں الیکشن کمیشن کا کیا قصور ہے اور وہ بدلہ آپ الیکشن کمیشن سے کیوں لے رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ یہ بات ایک حقیقت ہے کہ آپ کی بدترین دھاندلی کے باوجود آپ کو ووٹ نہیں ملے، لوگوں نے آپ کو مسترد کردیا ہے اورجو ڈسکہ میں ہوا، پورا دن فائرنگ اور خوف و ہراس پھیلایا گیا جس کو پوری قوم نے دیکھا، اتنی بدترین دھاندلی شاید آمریت کے ریفرنڈم میں بھی نہیں دیکھی گئی اور اس کے بعد تب بھی آپ کا بس نہیں چلا اور ووٹ پورے نہیں ہوئے تو 20 پریزائیڈنگ افسر اغوا کرلیے۔