ریاض:
عرب اتحادی فوج نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کا ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنا دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہر خمیس مشیط کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم عرب اتحادی فوج نے ڈرون کا سراغ لگاکر فضا میں ہی تباہ کردیا، گزشتہ روز بھی حوثی باغیوں کی جانب سے 2 بلیسٹک میزائل فائر کیے گئے تھے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان عرب اتحادی افواج کرنل ترک المالکی کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے حملوں کی روک تھام اور سعودی شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں میں شدت دیکھنے میں آئی ہے جب کہ کئی ممالک نے حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔