دوحہ:
خلیجی ملک قطر ميں تارکین وطن ملازمین کے ليے کم سے کم ماہانہ اجرت اور دیگر مراعات کا قانون نافذ کردیا گيا ہے جس کے تحت آجر ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ رہائش اور خوراک دینے کے لیے بھی پابند ہوگا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر تارکین وطن اور غیر ملکی ملازمین کے لیے تنخواہوں اور مراعات سے متعلق قانون نافذ کرنے والا پہلا خلیجی ملک بن گیا ہے۔ یہ قانون فوری طور پر نافذ العمل ہوگا جس پر آجر کو لازمی عمل درآمد کرنا ہوگا بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس قانون کے نفاذ سے ملک میں کفیل کا نظام بھی ختم ہوجائے گا۔
قطر کی وزارت برائے ترقیٔ مزدور اور سماجی امور نے تصديق کی ہے کہ نئے قانون کے تحت ملک میں کام کرنے والے غیرملکی ملازم کی کم از کم ماہانہ اجرت ايک ہزار قطری ريال مقرر کی گئی ہے جب کہ کمپنيوں کو غیر ملکی ملازمين کی رہائش اور خوراک کا انتظام کرنے کا بھی پابند کيا گيا ہے۔
اگر کمپنياں غیرملکی ملازمین کو رہائش اور خوراک کی سہوليات خود فراہم نہيں کرسکتيں تو ملازمين کو خوراک کے لیے ماہانہ 300 سو ریال اور رہائش کے لیے 500 سو ریال علیحدہ سے دینا ہوں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت پانچ عرب ممالک نے حال ہی میں قطر سے سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کا عندیہ دیا ہے جس کے بعد تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کا امکان ہے۔