اسلام آباد:
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عوام کو حکومت کی ناکامیوں کے سونامی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
اپنے بیان میں مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ جب سے ملک میں سلیکٹڈ حکومت آئی ہے ہر شعبہ زوال پذیر ہے، حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے کوئی شعبہ ترقی نہیں کر رہا، تشویش ناک بات یہ ہے کہ آئندہ کئی سال تک حالات میں بہتری کی کوئی امید نہیں، اقتصادی سروے نے حکومت کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مہنگائی کا سونامی نچلے طبقے کو بہا لے گیا ہے، مہنگائی کی نئی لہر نے متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے، آنے والا بجٹ معاشی تباہی کا ایک اور سونامی لا رہا ہے، حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالے گی اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام مزید ٹیکسوں کا بوجھ برداشت نہیں کر پائیں گے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیاسی قوتوں اور عدلیہ کے ساتھ بھی محاذ آرائی بڑھا دی ہے، عوام کو حکومت کی ناکامیوں کے سونامی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، پیپلز پارٹی حکومت کی ناکامیوں کے خلاف پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں حکمت عملی طے کرے گی۔