البانیہ میں چاقو بردار شخص کا مسجد میں نمازیوں پر حملہ

0
80

تیرانا:

یورپی مسلم اکثریتی ملک البانیہ کے دارالحکومت میں چاقو بردار شخص نے مسجد میں داخل ہوکر نمازیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق البانیہ کے دارالحکومت تیرانا میں نماز ظہر کے وقت 34 سالہ چاقو بردار شخص مسجد میں داخل ہوا اور بلا اشتعال نمازیوں پر چاقو کے پہ در پہ وار کیئے۔

پولیس نے 34 سالہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا جس کی شناخت روڈلف نکولی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم نے تاحال حملے کی وجہ نہیں بتائی جب کہ اب تک پولیس ملزم کے مذہب اور خاندان کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کر پائی ہے۔

ریسکیو ادارے نے پانچوں زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔ زخمی ہونے والوں کی عمریں 22 سے 35 سال کے درمیان ہے۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

امام مسجد محمد احمد نے میڈیا کو بتایا کہ رمضان کے باعث مسجد نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی، حملہ آور کو جلد قابو کرلیا گیا تھا جس کے باعث زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ البانیہ میں 80 فیصد مسلمان ہیں اور معمولی تعداد میں عیسائی شہریوں کی ہے تاہم یہاں اب بھی اشراکیت قائم ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here