سی آئی اے ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش میں مسلح شخص ہلاک

0
109

واشنگٹن (پاکستان نیوز)ایف بی آئی ایجنٹ نے ورجینیا میں سی آئی اے کے صدر دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے اسلحہ بردار شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ، ایف بی آئی کے مطابق زخمی حملہ آور کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔تحقیقات کے دوران اْن حالات کا بڑی احتیاط سے جائزہ لیا جائے گا جن کی وجہ سے فائرنگ تک بات پہنچی اور جائے وقوعہ سے تمام متعلقہ شواہد اکٹھے کئے جائیں گے تاہم ایف بی آئی نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔نامعلوم حملہ آور کو سی آئی اے کے دفتر کو جانے والے پہلے گیٹ پر روکا گیا تھا۔ ایف بی آئی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ سی آئی اے کے دفتر کے داخلی گیٹ پر یہ تعطل کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔سیکیورٹی پر مامور عملے نے مبینہ طور پر کئی گھنٹے تک مذاکرات کے ذریعے یہ کوشش کی کہ حملہ آور ہتھیار ڈال دے۔قبل ازیں سی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ادارہ، احاطے سے باہر پیش آنے والی صورتحال سے باخبر ہے۔ سی آئی اے کے دفتر کی مرکزی عمارت داخلی گیٹ سے سینکڑوں میٹر دور ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا کمپاؤنڈ بالکل محفوظ ہے، اور ادارے کے صرف سیکیورٹی پر مامور عملے کا اس واقعہ سے براہ راست سر و کار تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here