نیویارک (پاکستان نیوز) امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے میموریل ڈے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ خود امریکہ کے اندر اور دنیا بھر میں ہر جگہ جمہوریت خطرے میں ہے۔صدر بائیڈن نے ان خیالات کا اظہار نائب صدر کاملا ہیرس اور اعلیٰ فوجی عہدے داروں کے ہمراہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے نزدیک آرلنگٹن میں واقع فوجی قبرستان میں یادگار پر پھول چڑھانے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اب کیا کرتے ہیں اور کس طرح اپنی جانیں گنوانے والوں کو یاد رکھتے ہیں، اس سے یہ پتا چلے گا کہ جمہوریت قائم رہے گی یا نہیں۔اپنے 22 منٹ کے اس خطاب میں صدر بائیڈن نے میڈیا سے کہا کہ وہ سچ کو تلاش کریں، اس سچ کو جس کی بنیاد حقائق پر ہو نہ کہ پراپیگنڈے پر۔سنہ 1868 کی خانہ جنگی کے دوران مئی کے اواخر میں امریکہ میں ‘میموریل ڈے’ کا اجرا ہوا تھا جس کا مقصد جنگوں میں جان دینے والے امریکی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔یہ دن اب ہر سال مئی کے آخری پیر کو منایا جاتا ہے، اس روز عام تعطیل ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہم نے آزادیوں کی کیا قیمت ادا کی ہے۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ قیمت ادا کرنے والوں کا ہم پر کیا قرض ہے اور ہمیں ان خاندانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو وہ اپنے پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔اس دن کو امریکہ میں روایتی طور پر موسم گرما کے باقاعدہ آغاز کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے جس کے بعد امریکہ بھر میں روایتی طور پر سفر اور تفریح کے موسم کا باقاعدہ آغاز ہو جاتا ہے۔