ہیوسٹن (پاکستان نیوز)کرونا وائرس سے بچائو کے لیے ویکسین لگوانے سے انکار پر ہیوسٹن میتھوڈسٹ ہسپتال کے 150 سے زائد ملازمین کو عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ، اکثر نے خود استعفیٰ دے دیا۔ہسپتال کے ترجمان گیلے سمتھ نے بتایا کہ کچھ ملازمین نے استعفیٰ دیا ہے جبکہ اکثریت کو ملازمتوں سے برخاست کیا گیا ہے ، ملازمین کی تعداد کے متعلق اطلاعات” دی واشنگٹن پوسٹ” کی جانب سے جاری کی گئی ہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے اس کے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے یکم اپریل کو اعلان کیا گیا تھا کہ تمام ملازمین 7 جون تک اپنی ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں ورنہ ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے ۔ ہسپتال کے 120 کے قریب ملازمین نے انتظامیہ کی جانب سے ویکسین لگوانے کے لیے مجبور کیے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا تھا اور عدالت نے 12 جون کو اس کیس کو خارج کر دیا تھا ۔