171ممالک سے اوورسیزپاکستانیوں نے 1لاکھ 80 ہزار روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کھلوائے

0
104

نیویارک (پاکستان نیوز) روشن ڈیجیٹل اکاونٹس میں بیرون ملک پاکستانیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے باعث اب تک ایک سو اکہتر ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے ایک لاکھ اسی ہزار اکاونٹس کھلوا لیے ہیں جبکہ ان اکاونٹس میں اب تک ایک ارب پینسٹھ کروڑ ڈالر جمع ہو گئے ہیں جن میں سے باسٹھ کروڑ ڈالر کی رقم نیا پاکستان سرٹیفکیٹس،تینتالیس کروڑ ڈالر اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اور انچاس کروڑ ڈالر کی رقم ریگولر اکاونٹ بیلنس اور روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی ٹرانزیکشنوں اوربلوں وغیرہ کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوئی ہے۔اس امر کا اظہار پاکستان ہائی کمیشن کینیڈا اور حبیب میٹرو بنک کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ایک ویبی نار کے دوران کیا گیا جس میں کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ سمیت پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ عندلیب عباس،گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر،حبیب میٹرو بنک صدر اور سی ای اور محسن علی ناتھانی،کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کے نائب صدر ندیم نقوی، چیئر مین عارف حبیب کارپوریشن عارف حبیب اور کینیڈین پاکستانی سرمایہ کار نذر حسین نے شرکت کی اور روشن ڈیجیٹل اکاونٹس سکیم کے چیدہ چیدہ پہلووں پر روشنی ڈالی۔ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے روشن ڈیجٹیل اکاونٹس کی کامیابی کو وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کی پالیسیوں پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد سے تعبیر کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here