انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، بھارت بلیک لسٹ ہو سکتا ہے،وزیر خارجہ

0
220

واشنگٹن(پاکستان نیوز) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کو انتباہ کر دیا، انتھونی بلنکن نے وارننگ دی ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بلیک لسٹ ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ سے بھارتی سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ملاقات کی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شکایات کے انبار لگا دیئے،میٹنگ میں مودی حکومت کی مختلف پالیسیوں کے خلاف احتجاج، کسانوں کے احتجاجی مظاہرے، شہری ترمیمی قانون، تبدیلی مذہب قانون، صحافیوں کی گرفتاری اور پیگاسس جاسوسی معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق سے انحراف نہ کرے جبکہ امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فورسز کے افغانستان سے انخلا کے باوجود امریکہ وہاں موجود رہے گا اور وہ جنگ زدہ ملک میں قیام امن کی خاطر فریقین میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے، طالبان بزور طاقت افغانستان میں اقتدار پر قابض ہوئے اور عوام کے حقوق کا احترام نہ کیا تو افغانستان تنہا رہ جاے گا، طالبان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کریں۔ افغانسان کے بیشتر حصے طالبان کے قبضے میں چلے جانے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان کی طرف سے زیادتیوں کی خبریں انتہائی پریشان کن ہے، طالبان چاہتے ہیں کہ ان کے لیڈر دنیا بھر میں آزادی کے ساتھ سفر کر سکیں لیکن طاقت کے زور پر ملک پر قبضہ کرکے وہ اپنے ان مقاصد کو حاصل نہیں کرسکتے۔ جب ایک نامہ نگار نے انتھونی بلنکن سے پوچھا کہ کیا امریکہ افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان پر خاطر خواہ دبائو ڈال رہاہ ے تو انہوں نے اس کا جواب نہیں دیا ان کے بجائے بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ افغانستان کے بیشتر پڑوسی تو وہاں مذاکرات کے ذریعے امن پر متفق ہیں البتہ اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں کہ ایک خاص ملک کو اس سے دلچسپی نہیں۔ بھارتی میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بڑھائیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم مودی اور قومی سلامتی کے مشیر سے بھی ملاقات کی۔ دریں اثناء افغان طالبان کے اعلیٰ وفد نے چینی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مشہور افغان مزاحیہ اداکار نذر محمد المعروف خاشازوان کو نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ طالبان نے قتل کی تردید کی ہے۔ طالبان نے سپن بولدک، دیش میں ٹکس وصولی شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم کے مطابق ملابرادر کی سربراہی میں طالبان وفد نے چین وزیرخارجہ وانگ ژئی، نائب وزیر خارجہ اور چین کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں،طالبان کے 9رکنی وفد نے چینی حکام سے سیاسی، معاشی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال اور امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے چین کو یقین دلایا کہ وہ کسی کو بھی چین کے خلاف افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، دوسری جناب چین نے افغان امور میں مداخلت نہ کرنے اور امن کے لیے کوششوں میں تعاون کا یقین دلایا۔ چین نے امید ظاہر کی طالبان مشرقی ترکستان کی اسلامی تحریک کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔ ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹویٹس میں بتایا کہ گزشتہ صبح صوبہ لوگر میں خصوصی یونٹ کی آپریشنل فورس پر دو دھماکے کیے گئے جس میں 9افغان فوجی ہلاک،5زخمی اور ایک ٹینک تباہ ہو گیا۔ گزشتہ رات بھی طالبان نے ضلع لوگر میں حملہ کرکے 6فوجیوں کو ہلاک اور کئی کو زخمی کر دیا۔ ہمارے درجنوں مجاہدین نے صلاح الدین ایوبی کیمپ سے گریجویشن کرلی۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکی فوج گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان میں نامعلوم مقام سے ایک درجن سے زائد فضائی حملے کر چکی ہے۔ صدر اشرف غنی نے ایک بیان میں طالبان کو براہ راست مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ اور نیٹو فوجی انخلا کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here