اوورسیز پاکستانی اب گھر بیٹھے پاور آف اٹارنی دے سکیں گے

0
74

نیویارک(پاکستان نیوز) وفاقی کابینہ نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کے اجرا کے لیے آٹو میشن نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ’کابینہ نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاور آف اٹارنی کی دستاویزات آن لائن دینے کی منظوری دے دی ہے۔’ انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ‘پاور آف اٹارنی جب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بنانا ہوتی ہے تو انہیں سفارت خانے جانا پڑتا ہے، ایمبیسی ایک جگہ ہوتی ہے اور اس کے لیے دور تک سفر کرنا پڑتا ہے۔’ ‘پاور آف اٹارنی کو آن لائن کر دیا گیا ہے اور اوورسیز پاکستانی گھر بیٹھے اسے حاصل کر سکیں گے، وہاں جو مزدور ہے اس کو پورا دن ضائع کرنا پڑتا ہے اب یہ بہت بڑی سہولت ہے جو تحریک انصاف کی حکومت نے دی ہے۔’ انہوں نے کہا کہ ‘اب تحریک انصاف کی حکومت میں کابینہ کا کوئی اجلاس ایسا نہیں جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت دینے کے حوالے سے بات نہ کی گئی ہو، اب تک ہزاروں بیرون ملک قیدیوں کو پاکستان واپس لایا گیا ہے، کبھی کسی اور حکومت نے بیرون ملک قید مزدوروں کے بارے نہیں سوچا تھا جو چھوٹے چھوٹے جرائم میں قید تھے۔’ پاور آف اٹارنی کا نیا نظام حتمی مرحلے پر پہنچنے پر نادرا اور وزارت خارجہ کے درمیان ایک معاہدہ طے پائے گا جس کے تحت نادرا پاور آف اٹارنی کے لیے ایک پورٹل بنائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here