پاکستانی کمیونٹی کورونا کے شکنجے سے نہ نکل سکی، مزید 13چراغ گل

0
432

 

نیویارک (پاکستان نیوز) کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رک سکا ، رواں ہفتے بھی پاکستانی کمیونٹی کے 13ا فراد مہلک وائرس کا شکار ہوکر دنیا فانی سے کوچ کر گئے ہیں ، پاکستانی نژاد خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی جب والد غلام محمد کی کورونا سے ہلاکت کے تین ہفتے بعد دو بھائی59سالہ غلام عباس اور 53سالہ رضا غلام جیونٹ ہسپتال میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر چل بسے ، رضا رینج ڈسٹری بیوشن سینٹر میں منیجر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے ، دونوں بھائیوں کو وولز قبرستان میں والد کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے ، اسی طرح کمیونٹی کی معروف شخصیت چودھری آصف رضا کے تایا حاجی ظہور الٰہی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار گئے ہیں ۔کمیونٹی کی ہر دل عزیز شخصیت محمد اعجاز بشیر بھی کورونا سے زندگی کی جنگ ہارنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے ہیں ، اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ، آمین ، باوقار عالم دین بہترین مدرس ، پنجابی زبان کے شاعر خوبصورت خطیب کئی دینی رسائل کے مو¿لف منطق فلسفہ تفسیرو حدیث کے ماہر استاد علامہ معراج محمود ورنالوی آج دل کا دورہ پڑنے سے کیلی فورنیا میں انتقال فرماگئے ۔اللہ تعالی بطفیل محبوب پاک مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے آمین ثم آمین۔کمیونٹی کی معروف شخصیت حکیم اللہ بخاری کے بھائی احسان بخاری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوکر دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں ،مرحوم کافی دن ہسپتال میں زیر علاج رہے لیکن مکمل روبہ صحت نہ ہو سکے ۔پاپا تنظیم کے رکن اصغر علی یاسین بھی کورونا کا شکار ہونے والوں میں شامل ہیں جوکہ ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد چل بسے ، اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے ،کمیونٹی کی ہر دل عزیز شخصیت ڈاکٹر فرقان بھی کورونا کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے اور ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے ۔کمیونٹی کی معروف شخصیت فتح محمد چوہان بھی کورونا سے زندگی کی جنگ ہار گئے ،تمام کمیونٹی سے مرحوم کے لیے دعا کی اپیل ہے۔پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کے ایک اور فارماسسٹ آصف اقتداریہاں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 47سال تھی۔فارماسسٹ شہباز خان جن کی فرسٹ کئیر فارمیسی واقع فوسٹر ایونیو ، بروکلین پر آصف اقتدار کام کرتے تھے نے بتایا کہ چند ہفتے قبل آصف کی طبیعت خراب ہوئی۔ کرونا وائرس وبا کے دوران وہ مسلسل کام کرتے رہے۔طبیعت خراب ہونے پر انہوں نے کہا کہ وہ چھٹی کرکے کچھ آرام کرنا چاہتے ہیں۔شہباز خان نے مزید بتایا کہ آصف اقتدار کی جب طبیعت زیادہ خراب ہوئی، انہیں سانس کی تکلیف شروع ہوئی تو وہ ہسپتال چلے گئے جہاں ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں داخل کر لیا گیا اور علاج شروع کر دیا گیا۔ اس دوران ڈاکٹرز کی جانب سے تشخیص کی گئی کہ انہیں ڈبل نمونیہ ہوا ہے۔ ہسپتال میں قیام اور علاج کے باوجود ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی اور ایک ہفتہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔پاکستانی امریکن کمیونٹی نیوجرسی کی معروف سماجی شخصیت ، ادیب و صحافی اشرف سہیل انتقال کر گئے۔ ان کی عمر70سال سے زائد تھی۔ وہ ایک ہفتے قبل بخار اور سانس کی تکلیف کی وجہ سے سینٹ کلیئر ہسپتال، نارتھ جرسی میں داخل کئے گئے جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے باوجود ان کی طبیعت نہ سنبھل سکی۔ سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے انہیں ونٹی لیٹر پر لگا دیا گیا جہاں چند روز زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ہفتے کو وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔کمیونٹی کی معروف شخصیت بشیر شعیب بھی کورونا کا شکار کر ہم سب میں نہیں رہے ہیں ، اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، نیو جرسی کے معروف پاکستانی ڈاکٹر نیاز علی بھی کورونا کیخلاف جنگ میں صف اول میں کردار ادا کرتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں ، تمام کمیونٹی سے مرحوم کے ایصال و ثواب کیلئے دعا کی درخواست ہے ۔کمیونٹی کی ہر دل عزیز شخصیت ڈاکٹر فاروق بھی کورونا کیخلاف جنگ ہار گئے ہیں اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں ، تمام کمیونٹی سے مرحوم کے لیے دعا کی اپیل ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here