ملزم 52سالہ بیلوسی کو گرفتار کر لیا گیا ، الزام ثابت ہونے پر کم سے کم عمر قید کی سزا ہوگی
نیویارک (پاکستان نیوز) امریکن ائیر لائن کے تکنیکی عملے پر کوکین سمگلنگ کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں ، ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشن نے جان ایف کیینڈی ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 52 سالہ انجینئر پال بیلوسی کو حراست میں لے لیا ہے جس سے 25 پاﺅنڈ سے زائد کوکین برآمد کی گئی ہے جوکہ اس نے کسی دوسرے ملک سے درآمد کی تھی ، ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کوکین برآمد کرنے والے مقام کا سراغ لگانے کے لیے کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن ادارے سے رابطہ شروع کر دیا ہے ، نیویارک میں ایچ سی آئی کے سپیشل ایجنٹ اور انچارج پیٹر سی نے بتایا کہ ملزم نے کوکین جمیکا سے نیویارک سمگل کروائی ہے اور اس کا ایک دست راست بھی ہے جس نے یہ کام کیا ہے ، ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق کیوکین کی بڑی تعداد ائیر پورٹ سے متصل کمپارٹمنٹ سے ملی ہے اور ملزم کوکین کو سمگل کرنے کی غرض سے جہاز کے خفیہ خانوں میں چھپانا چاہتا تھا کہ عین موقع پر سیکیورٹی فورسز نے اس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے ، اگر بیلوسی پر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو کم از کم اس کو عمر قید کی سزا سنائی جائے گی ۔