ممبئی:
بالی ووڈ اداکارہرتھیک روشن کی بہن سنینا روشن نے اپنے بھائی اور گھر والوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان شخص سے محبت کی وجہ سے نہ صرف گھروالوں نے میری زندگی جہنم بنادی بلکہ میرے والد نے مجھ پر ہاتھ بھی اٹھایا۔
ناموربالی ووڈ ہدایت کارراکیش روشن کی بیٹی اور سپر اسٹار ہرتھیک روشن کی بہن سنینا روشن نے اپنے گھروالوں کی حقیقت بتاتے ہوئے روشن فیملی کے ایسے رازوں سے پردہ اٹھایا ہے جن کی وجہ سے ان کی پوری فیملی میں طوفان آگیا ہے۔ سنینا روشن نے حال ہی میں انٹرویوکے دوران اپنی فیملی کا کچا چٹھا کھولتے ہوئے کہا کہ انہیں مسلمان لڑکے سے محبت کی سزا دی جارہی ہے۔
سنینا روشن نے بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں گزشتہ برس مسلمان صحافی روہیل امین سے محبت ہوگئی تھی، لیکن میرے والد روہیل کے مذہب کی وجہ سے اس محبت کے خلاف تھے۔ مسلمان شخص سے محبت کہ وجہ سے نہ صرف میرے والد نے مجھے تھپڑمارا بلکہ روہیل کو دہشتگرد قراردیا جو کہ بالکل جھوٹ ہے، کیونکہ اگر روہیل دہشتگرد ہوتا تو اس طرح آزادانہ نہ گھوم رہا ہوتا اور نہ ہی میڈیا میں کام کررہا ہوتا۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ہرتھیک روشن کی بہن نے بھی بھائی کا ساتھ چھوڑدیا
سنینا نے اپنی اورروہیل کی ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا وہ روہیل سے گزشتہ برس فیس بک پر ملی تھیں گھر والوں کی مخالفت کی وجہ سے وہ اپنا گھر چھوڑ کر دوسرے اپارٹمنٹ میں رہنے لگیں۔ سنینا نے کہا میرے والد اور والدہ دونوں نہیں چاہتے کہ میں روہیل سے ملوں، میرے گھروالوں نے میری زندگی جہنم بنادی ہے اورمجھ سے اب یہ سب برداشت نہیں ہورہا۔ میں روہیل کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں، لیکن وہ مسلمان ہے لہٰذا میرے گھر والے اسے قبول نہیں کررہے۔
اس معاملے پر ہرتھیک روشن کی رائے کے بارے میں سنینا نے کہا کہ ان کا بھائی بھی والد کے ساتھ ہے،ہرتیھک نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ مجھے الگ گھر خرید کردے گا لیکن اس نے نہیں دیا اور جب میں نے خود اپنے لیے اپارٹمنٹ لے لیا تو اس نے یہ کہہ کر کرایہ دینے سے انکار کردیا کہ ہر ماہ ڈھائی لاکھ روپے دینا اس کے بس کی بات نہیں۔
سنینا نے کہا کہ وہ کنگنا رناوت سے مدد مانگنے گئیں کیونکہ کنگنا خواتین کی طاقت کی نمائندہ ہے، میں بھی خواتین کی اور کنگنا کی حمایت کرتی ہوں، کنگنا بھی اپنے لیے انصاف چاہتی ہے اورمیں بھی۔ سنینا نے اپنے بھائی ہرتھیک روشن اور کنگنا رناوت کے درمیان تین برسوں سے چل رہی لڑائی کے حوالے سے کہا کہ وہ اس بارے میں زیادہ نہیں جانتیں لیکن اتنا معلوم ہے کہ جہاں دھواں ہوتا ہے وہاں آگ بھی ہوتی ہے۔