ممبئی:
بھارت میں تیز ہواؤں کے جھکڑ کے ساتھ ہونے والی مسلسل بارشوں کے نتیجے میں آسمانی بجلی کے گرنے اور کرنٹ لگنے کے باعث 3 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت فلم انڈسٹری کے گڑھ ممبئی میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، تیز ہواؤں کے جھکڑ سے مکانوں کی چھتیں اُڑ گئیں اور درجن سے زائد گھروں کی دیواریں گرگئیں جبکہ ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل ہوگئی۔
مکانوں کی دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم 3 شہری ہلاک ہوگئے جب کہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممبئی اور مہاراشٹریا میں اگلے دو دِنوں تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، بلدیاتی اداروں کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں خصوصی کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔ امدادی اداروں کی جانب سے بارش میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔