پاکستانی برآمدات23 ارب ڈالر سے متجاوز

0
114

اسلام آباد(پاکستان نیوز) وزارت تجارت کے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں گزشتہ سال کے مقابلے تجارتی سامان کی برآمدات میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جولائی سے مارچ کے دوران برآمدات 23 ارب 33 کروڑ 20 لاکھ ڈالر پر جاپہنچی ہے جو گزشتہ سال 18 ارب 68 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھی۔ برآمدات میں اضافے کی ایک بڑی وجہ کئی معاون اقدامات کے ساتھ روپے کی قدر میں کمی بھی ہے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داد کا کہنا تھا کہ ہماری برآمدات میں مثبت پیشرفت جاری ہے اور ہمارا سالانہ ہدف حاصل ہونے کی امید ہے۔ حکومت کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی سالانہ برآمدات کا ہدف 31 ارب 20 کروڑ ڈالر اور سروسز کا ہدف ساڑھے 7 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ مارچ میں برآمدات میں 17.3 فیصد اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد برآمدات 2 ارب 26 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 2 ارب 77 کروڑ 30 لاکھ ڈالر پر جاچکی ہے۔ ماہانہ اوسطا برآمدات ڈھائی ارب ڈالر سے 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کے درمیان ہے۔ مشیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے برآمد کنندگان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے آزمائش کی اس گھڑی میں عالمی مارکیٹ میں برآمدات کی رفتار برقرار رکھی۔ وزارت کی جانب سے مارچ کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تاہم مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے حتمی شکل دینے کے بعد اعداد و شمار جاری کیے جائیں گے

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here