اسلام آباد(پاکستان نیوز) سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو چپ نہیں رہوں گا سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا۔ منگل کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اس لیے خاموش ہیں کہ ملک کو نقصان نہ پہنچے۔ ان کے مطابق مجھے سب پتا ہے کہ کس نے کیا کِیا ہے۔ انہوں نے اداروں اور عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے، ملک بچانے کے لیے آگے آئیں۔ عمران خان نے ایک بار پھر مبینہ بیرونی سازش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ خوش نہیں تھا پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی سے، اس لیے اس نے یہاں کے میر جعفر اور میر صادق کو ساتھ ملا کر حکومت تبدیل کروائی۔ امریکہ چاہتا تھا پرانا سلسلہ چلتا رہے اور ایک فون پر اس کے احکامات مان لیے جائیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کا پاکستان کو شدید نقصان ہوا اور جمہوری پراسس رک گیا۔ انہوں نے کالم نگار ایاز امیر پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وقت بدل چکا ہے، یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، اب انفارمیشن روکی نہیں جا سکتی۔ عمران خان نے ایک دفعہ پھر اپنے بارے میں خطرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ویڈیو بنا رکھی ہے اگر مجھے کچھ ہوا تو وہ سامنے آئے گی۔ انہوں نے حمزہ شہباز کی وزارت اعلی کے حوالے سے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا فیصلہ جلدی کیوں نہیں آ رہا، ہماری دفعہ تو عدالتیں رات کو کھل جاتی تھیں۔ انہوں نے ایک بار پھر سابق صدر آصف علی زرداری اور نواز شریف پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ایک کو 10 پرسنٹ کہا جاتا تھا اور دوسرے کی کرپشن پر برطانوی نشریاتی ادارے نے فلم بھی بنائی