غزنی:
افغانستان میں ایک نجی ریڈیو اسٹیشن کو طالبان کی جانب سے دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی کے بعد اسے بند کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر غزنی میں نجی ریڈیو اسٹیشن سما کو طالبان کی جانب سے ٹیلی فونک اور تحریری دھمکیوں کے بعد بند کردیا گیا ہے۔ طالبان ریڈیو اسٹیشن میں خواتین میزبانوں کے پروگرام کرنے پر معترض تھے۔
سما نامی ریڈیو اسٹیشن کے ڈائریکٹر رامیض عظیمی نے میڈیا کو بتایا کہ تین خواتین میزبان کے پروگرام پیش کرنے پر مقامی طالبان کمانڈر کی جانب سے دھمکی دی گئی کہ خواتین ملازمین کو برطرف کریں یا حملے کے لیے تیار رہیں۔
دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے عالمی میڈیا سے گفتگو میں ریڈیو اسٹیشن کو بند کرنے کی دھمکیوں کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کئی گروپس طالبان کا نام استعمال کرکے لوگوں کو ڈراتے ہیں ۔
واضح رہے کہ سما ریڈیو اسٹیشن 2013 سے غزنی سے براڈ کاسٹ کیا جا رہا ہے جس میں حال ہی میں سیاست اور شوبز کے پروگرام کی میزبانی کے لیے خواتین میزبان کی خدمات لی گئی تھیں۔