جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

0
112

اسلام آباد (پاکستان نیوز) جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی پر وقار تقریب میں پاک فوج کی کمان سنبھال لی۔ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل عاصم منیر کو روایتی چھڑی سونپی جس کے بعد وہ 17ویں آرمی چیف بن گئے۔ تقریب میں جی ایچ کیو بینڈ نے ملی نغموں کی مدھر دھنیں بکھیرتے ہوئے شاندار پرفارمنس دی اور قومی پرچم کو سلامی دی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی جنرل قمر جاوید باجوہ کی جنرل عاصم منیر کے ہمراہ پنڈال آمد پر گارڈز نے انہیں سلامی دی جس کے بعد تلاوت کلامِ پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اعزازی گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا انہیں الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، سینئرحاضرسروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، ان کی فیملیز اور وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ قبل ازیں پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا میں اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے اس عظیم فوج میں خدمات کا موقع دیا، جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں عنقریب گمنامی میں چلا جائوں گا لیکن فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ 6 سالہ دور میں ہر موقع پر اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا، اپنی فوج پر فخر ہے جو کم وسائل کے باوجود سیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، یہ لسانیت، رنگ نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرتی ہے۔ انہوں نے کہا جنرل عاصم منیر سے میری رفاقت24 سالہ پرانی ہے، وہ حافظ قرآن ہونے کے علاوہ پیشہ ور، باصلاحیت اور اعلیٰ اصولوں پر کاربند قابل افسر ہیں، یقین ہے فوج ان کی قیادت میں نئی منازل عبور کرے گی، ان کی تعیناتی مثبت ثابت ہوگی، خوشی ہے کہ فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کر کے جا رہا ہوں، یقین ہے آنے والے وقت میں فوج جنرل عاصم کی قیادت میں ملک کی مزید خدمت کریگی۔ کم وسائل کے باوجود پاک فوج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔ پاک فوج ملک کے چپے چپے کی حفاظت کی ضامن ہے، جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں پاک فوج کے ساتھ رہیں گی، نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے لئے دعا گو ہوں۔ جب فوج کی کامیابیاں ملیں گی تو خوشی ہوگی اور جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل باجوہ نے کہا بطور آرمی چیف اپنی6 سالہ مدت کے دوران ملک و قوم کے لئے جو ہو سکتا تھا وہ کیا۔ ملک و قوم کیلئے خدمات پر مطمئن ہوں۔ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف دیکھتے ہوئے انہوں نے کہا اب کمانڈ ان کے حوالے ہے۔ تقریب کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ کو پورے پروٹوکول کے ساتھ اور پرتپاک انداز سے جی ایچ کیو سے رخصت کیا گیا۔ انہیں نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر اعلی فوجی افسروں نے الوداع کہا۔ تقریب کے موقع پر راولپنڈی میں مخصوص علاقوں میں میٹرو بس اور موبائل فون سروس بند رہی جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here