نیویارک(پاکستان نیوز) نیویارک کی آبادی میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل دوسرے سال آبادی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، ادارہ مردم شماری کے مطابق رواں برس نیویارک کی آبادی میں ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد کمی واقع ہوئی ہے ، ماہرین کی جانب سے آبادی میں کمی کی کوئی خاص وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے لیکن غالب گمان یہی ہے کہ کرونا وائرس کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے دیگر ریاستوں کی جانب رخ کیا جس کی وجہ سے آبادی میں کمی واقع ہوئی ہے ، کورنل یونیورسٹی کے ریسرچر جان وینک نے بتایا کہ آبادی میں کمی کے ساتھ نیویارک میں رہائش پذیر افراد کی اوسط میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے ، ادارہ مردم شماری کے مطابق نیویارک کی آبادی میں 2 لاکھ 99 ہزار سے زائد لوگوں کی کمی سامنے آئی ہے۔اعدادو شمار کے مطابق نیویارک میں غیر ملکوں میں پیدا ہونے والے بچوں اور افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے جس میں زیادہ تر اقلیتیں شامل ہیں۔